اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے، علاقائی روایات، لوک فنون اور روایتی طرز زندگی کو اجاگر کرنے کے لیے ملک کے سب سے بڑے سالانہ ثقافتی میلے لوک میلہ 2026 کا انعقاد27 نومبر سے 6 دسمبر تک لوک ورثہ شکرپڑیاں اسلام آباد میں کیا جائے گا۔دس روز تک جاری رہنے والے اس ثقافتی میلے میں ملک کے مختلف صوبوں اور خطوں کی تہذیب و ثقافت، روایتی کھانوں، موسیقی، دستکاریوں اور علاقائی فنون کی بھرپور عکاسی کی جائے گی۔ترجمان لوک ورثہ کے مطابق لوک میلہ اسلام آباد کی سالانہ ثقافتی سرگرمیوں کا ایک نمایاں حصہ ہے جس میں ہر سال ملک کے مختلف علاقوں کی ثقافتی شناخت، مقامی ہنرمندی اور صدیوں پرانی روایات کو ایک پلیٹ فارم پر پیش کیا جاتا ہے۔رواں سال بھی میلے میں پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جہاں شہریوں، سیاحوں اور خاندانوں کو ملک کی متنوع تہذیبی روایات سے قریب سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔میلے کا ایک اہم حصہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی پویلینز ہوں گے جہاں ان علاقوں کی روایتی زندگی، علاقائی ثقافت، مخصوص طرز تعمیر، روایتی ملبوسات، دستکاریوں اور مقامی ہنر کو نمایاں کیا جائے گا۔ان پویلینز کے ذریعے ہر خطے کی منفرد ثقافتی شناخت اور روایات کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ مقامی ہنرمندوں اور دستکاروں کو اپنی صلاحیتوں اور فن پاروں کی نمائش کا موقع بھی میسر آئے گا۔دس روزہ میلے میں پاکستان کے روایتی اور علاقائی کھانوں کے خصوصی اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مشہور روایتی پکوان اور مقامی ذائقے شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ مختلف علاقوں کے مخصوص کھانوں اور روایتی پکوانوں کے ذریعے پاکستان کی علاقائی غذائی ثقافت کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔ثقافتی سرگرمیوں کے سلسلے میں موسیقی کی خصوصی شامیں، علاقائی لوک موسیقی، روایتی رقص اور دیگر فنکارانہ پرفارمنسز پیش کی جائیں گی جبکہ پتلی تماشے اور بچوں کے لیے دلچسپ تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کے لوک فنون، ثقافتی روایات اور علاقائی ورثے سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ خاندانوں کو معیاری تفریح فراہم کرنا ہے۔لوک میلے میں خریداری کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جہاں پاکستانی دستکاریوں، روایتی مصنوعات، علاقائی سوغاتوں اور مقامی ہنرمندوں کے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش اور فروخت ہوگی۔ براہ راست دستکاری کے مظاہروں کے ذریعے شہریوں کو یہ دیکھنے کا موقع ملے گا کہ مقامی کاریگر کس طرح اپنی مہارت اور روایتی طریقوں سے مختلف اشیا تیار کرتے ہیں۔خواتین کے لیے خریداری کے خصوصی مواقع اور بچوں کے لیے سرگرمیاں بھی میلے کی رونقوں میں اضافہ کریں گی۔لوک میلہ 2026 نہ صرف پاکستان کے ثقافتی تنوع، علاقائی شناخت اور روایتی فنون کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہوگا بلکہ مقامی ہنرمندوں، دستکاروں اور روایتی کھانوں سے وابستہ افراد کو اپنی مصنوعات اور صلاحیتیں متعارف کرانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ یہ دس روزہ سرگرمی شہریوں اور سیاحوں کے لیے پاکستان کی ثقافت، ذائقوں، موسیقی، دستکاری اور روایتی طرز زندگی کو ایک ہی مقام پر دیکھنے اور محسوس کرنے کا منفرد موقع ثابت ہوگی۔میلہ لوک ورثہ کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہے جو ہر سال منعقد ہوتا ہے۔میلے میں پاکستان کے نامور لوک گلوکار،موسیقار،خطاط،ہنرمند،دستکار شرکت کرتے ہیں اور اختتام پر ان کی دستار بندی بھی کی جاتی ہے۔میلے میں پاکستان کے تمام علاقوں کی ثقافت دیکھنے نہ صرف جڑاوں شہروں بلکہ دور دراز سے لوگ آتے ہیں جبکہ سفارتکار اور غیر ملکی مندوبین بھی خاص طور پرشرکت کرتے ہیں۔




