جڑانوالہ(نامہ نگار)لڑکی کو بھگانے کی رنجش پر موٹر سائیکل سوار مخالفین نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل خاوند کو زخمی کر دیا،اسی رنجش پر الزام علیہ عرفان کا ایک بھائی جیل میں جا چکا ہے،آر پی او فیصل آباد نے رپورٹ طلب کر لی ہے،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ اسلام پورہ کا رہائشی رضوان ولد اکرم اپنی بیوی فردوس کے ہمراہ چک نمبر 108 گ ب میں اپنے عزیز و اقارب سے ملنے گیا ہوا تھا گزشتہ شب اپنی بیوی کے ہمراہ گائوں سے واپس جڑانوالہ آ رہا تھا کہ دیہہ ہذا کے سٹاپ پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے فردوس کو قتل اور اسکے خاوند رضوان کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے اطلاع پر ایس پی ٹائون اختر وینس،ڈی ایس پی ساجد موہل پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور قتل ہونیوالی خاتون کی لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جبکہ اسکے زخمی خاوند کو ہسپتال منتقل کیا پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مخالفین عرفان سکنہ روڈے نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لڑکی کر بھاگنے کی رنجش پر فائرنگ کرکے خاتون کو قتل اور اسکے شوہر کو زخمی کیا ہے پولیس کے مطابق اسی رنجش پر الزام علیہ عرفان کا بھائی بھی جیل جا چکا ہے تھانہ صدر کی حدود میں قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے سی پی او تنویر حسین سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ قتل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے پولیس تھانہ صدر نے پوسٹمارٹم کے بعد خاتون کی لاش کو لواحقین کے حوالہ کر دیا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




