لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی ناقص پالیسی ،ریونیو معاملات متاثر

لاہور (بیوروچیف) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی مبینہ ناقص پالیسی کے باعث ریونیو معاملات متاثر ہونے لگے، نئے تعینات ہونے والے پٹواریوں کے لاگ اِن نہ بننے سے شہریوں کو پراپرٹی سے متعلق دستاویزات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق حال ہی میں انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر پٹواریو ں کے تبادلے کیے گئے، تاہم تبادلوں کے احکامات جاری ہوتے ہی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے سابق پٹواریوں کے لاگ اِن بند کردیئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے تعینات ہونے والے پٹواریوں کے لاگ اِن تاحال فعال نہیں کیے جاسکے، جس کے باعث آن لائن موضع جات سے متعلق امور اور دیہی مراکز مال میں روزمرہ کے کام متاثر ہورہے ہیں۔لاگ اِن تک رسائی نہ ہونے کے باعث سائلین کو پراپرٹی ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کو فوری طور پر حل کرکے ریونیو امور کی معمول کے مطابق انجام دہی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں