مالی مشکلات،واسا نے ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ واسا نے مالی مشکلات اور اخراجات میں کمی کیلئے ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔31اکتوبر 2026ء کے بعد محکمہ واسا میں فرائض سرانجام دینے والے 300سے زائد ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین کو فارغ کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن زین العابدین کی طرف سے جاری ہونے والے مراسلہ میں واسا کے افسران کو کہا گیا ہے کہ 31اکتوبر2026ء سے تمام ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا اور آئندہ کوئی بھی آفیسر ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین کو کام پر نہ رکھیں اور نہ ہی ڈیوٹی سرانجام دینے کی اجازت دی جائے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ واسا کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور وہ ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کرسکتے۔ دوسری طرف ڈیلی ویجز اور ورک چارج پر کام کرنے والے غریب ملازمین کے گھروں کے چولے ٹھنڈے ہو گئے ، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے دور میں پہلے ہی گزارہ مشکل ہو گیا ہے اور اوپر سے محکمہ والوں کی جانب سے نوکری ختم کرنا غریب عوام پر ظلم ہے۔ حکومت عوام کو نوکریاں دینے کی بجائے فارغ کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں