جڑانوالہ(نامہ نگار)شہری کو گاڑی سمیت اغواء کرنیوالے دو ریکارڈیافتہ ڈاکو بھائی مبینہ پولیس مقابلہ میں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، ڈاکوئوں کی گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ سے چار مسلح ڈاکو شہری طارق کوہنڈا BRV گاڑی سمیت اغوا ء کرکے سمندری کی طرف فرار ہو گئے ،ایس ایچ او پیپلزکالونی میاں واجدنے ملزمان کا تعاقب کیا توانہوں نے شہری کو تھانہ صدر سمندری کے علاقہ ککر اڈا کے قریب گاڑی سے باہر پھینک دیا اورفائرنگ کرتے ہوئے روڈالہ روڈ کی جانب فرار ہو گئے۔ اطلاع پر ایس ایچ او صدر سمندری علی عمران جپہ،ایس ایچ او روڈالہ روڈ حافظ عمار نفری کے ہمراہ ایس ایچ او پیپلزکالونی کے ساتھ تعاقب میں لگ گئے ۔ملزمان کوتھانہ سید والاکے علاقہ میں گھیرا ڈالا گیا تو انہوں نے سید والا روڈ ٹھٹھہ نور برلب نالہ پر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی ،فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر دو ملزمان زخمی حالت میں ملے جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے جو ہسپتال لیجاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تو ڑ گئے ۔،ملزمان کے قبضہ سے چھینی گئی گاڑی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔ دوران تعاقب ڈاکوئوں نے ایک راہگیر اکمل ولد نور سکنہ ٹھٹھہ نور کو کچل ڈالا جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،ملزمان کے ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کی شناخت سعید احمد اور آصف کے نام سے ہوئی ہے،ڈی ایس پی ایوب ساہی کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزمان تھانہ صدر کے علاقے میں قتل اور اقدام قتل کے مقدمہ میں اشتہاری ،مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث تھے اور پولیس کو طویل عرصہ سے مطلوب تھے۔ ہلاک ہونیوالے ڈاکوئوں کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے پولیس نے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




