مبینہ مقابلہ میں منشیات ڈیلر ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں منشیات ڈیلر اور ڈکیت فاروق عرف فاروقی مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق ایس پی سی سی ڈی ملک طارق کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے دوران سی سی ڈی لائل پور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ اور سی سی سی ڈی مدینہ ڈویژن کے انچارج انسپکٹر سید ارم رضا شاہ، سی سی ڈی اقبال ٹائون کے انچارج سب انسپکٹر علی اکرام گورایہ اور ایس ایچ او تھانہ سی سی ڈی سب انسپکٹر فاروق ناظر کے ہمراہ چوہلہ موڑ پر ناکہ لگا رکھا تھا ناکہ پر پولیس نے تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران منشیات ڈیلر اور ڈکیت فاروق عرف فاروقی ولد علی محمد سکنہ نیو سول لائن ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے لاش اور منشیات تحویل میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے فاروق عرف فاروقی نے پانچ سال قبل تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ میں ڈکیتی کے دوران شہری کو مزاحمت پر قتل کر دیا تھا اور بعد میں مدعی فریق پر دبائو ڈال کر اپنے حق میں بیان دلوا کر رہائی پائی تھی۔ رہائی کے بعد فاروق نے منشیات کا مبینہ طور پر دھندہ شروع کر لیا جس میں وہ اس حد تک چلا گیا کہ جو اس کے کام میں رکاوٹ ڈالتا تو اسے وہ گولی مار دیتا، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مارچری یونٹ منتقل کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں