مبینہ پولیس مقابلہ ‘1ڈاکو ہلاک،دوسرازخمی حالت میں گرفتار

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ائیر پورٹ کے علاقہ میں پولیس اور ڈاکوئوں کے مبینہ مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتار۔جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ائیر پورٹ کے علاقہ سدھار سبزی منڈی کے قریب اے ایس آئی اعجاز پولیس ملازمین کے ہمراہ فریش فلور سبزی منڈی کے قریب معمول کی گشت پر موجود تھے۔ اسی دوران ملاں پور کی جانب سے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد آتے دکھائی دیے جنہیں روکنے کی کوشش کی گئی۔ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے حفاظتی حکمتِ عملی کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد، ایس ایچ او تھانہ ائیر پورٹ ثاقب ریاض اور ایس ایچ او ٹھیکریوالہ رضوان شوکت بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ملزمان قریبی فصلوں میں چھپ کر فائرنگ کرتے رہے، تاہم کچھ دیر بعد فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پائے گئے، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ ان کے دو ساتھی اندھیرے اور فصلوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔گرفتار ملزمان کی شناخت طیب اور علی اصغر کے نام سے ہوئی ابتدائی تفتیش میں ملزمان مختلف تھانہ جات کی حدود میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تاہم علی اختر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔پولیس نے ڈجکوٹ کے علاقہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں