مبینہ پولیس مقابلے،اجرتی قاتل اور ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک،ساتھی فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں اجرتی قاتل اور درجنوں وارداتوں میں مطلوب ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ’ مدینہ ٹائون کے انچارج ارم رضا شاہ اور اقبال ٹائون کے انچارج علی اکرام گورائیہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ککڑوالا بائی پاس جھمرہ کے قریب چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا، جس کی شناخت سفیان ولد شوکت سکنہ 74 رب لوہکے کے نام سے ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والا سفیان 15 سے زائد افراد کا اجرتی قاتل نکلا جس کا تعلق جھمرہ کے بدنام سکھ گینگ سے بتایا جاتا ہے جو کہ قتل’ ڈکیتی’ راہزنی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ سی سی ڈی کے فاروق ناظر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران چنن کے لنڈا پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم جو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا، جس نے اپنا نام اعظم عرف بلی سکنہ 296 رب یاسر ٹائون بتایا جسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں