اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر عالمی یومِ جمہوریت منا رہا ہے، وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی یوم جمہوریہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن جمہوریت کے بنیادی اقدار، مساوات، انصاف اور آزادی کا فروغ، عوامی رائے کا احترام، انسانی وقار کا تحفظ اور قانون کی بالادستی سے وابستگی کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ جمہوری نظام حکومت میں اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی بہبود کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں، پارلیمان ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ ہے جو عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان ریاست اور شہریوں کے مابین تعلق کو قانونی شکل میں بیان کرتا ہے، آئین کا آرٹیکل 25 ہر شہری کے مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت فراہم کرتا ہے، قومی سطح پر آئین پاکستان، وفاق کی تمام اکائیوں، قومی اداروں کے باوقار مقام اور نظم و نسق کو متعین کرتا ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام، مفاد عامہ اور اسلامی اساس کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے، عصر حاضر کے بدلتے تقاضوں کی پیش نظر عوامی امنگوں اور عوامی ضروریات کے مطابق قوانین وضع کرنا پارلیمنٹ کے فرائض میں شامل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مثر طور پر مقابلہ کرنے اور ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم عوامی فلاح کی ضامن بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ آئینِ پاکستان قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کا واضح عزم کا اظہار کرتا ہے، وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین کے لئے مخصوص نشستیں خواتین کی مثر نمائندگی کے لئے مقرر کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق و فرائض اور مفادات کے تحفظ کی پابند ہے، وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں غیر مسلم اقلیتوں کے لیے بھی مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتا ہے اور جمہوری اصولوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کے متعین کردہ پائیدار ترقی کے اہداف بشمول جمہوریت کا فروغ، امن و انصاف اور مضبوط اداروں کے قیام کے لیے پاکستان مربوط کاوشیں کر رہا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیے آج کے دن عہد کریں کہ ہم بہترین پارلیمانی روایات سے ہم آہنگ جمہوری اقدار کے فروغ، شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک کے لئے ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ سفر جاری رکھیں گے۔دریں ثناء ۔لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی کامیابی کیلئے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی امر ہے۔عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ عالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت اجاگر کرنا ہے، جمہوریت محض سیاسی نظام نہیں بلکہ ترقی میں عوام کے فعال کردار کا مسلسل عمل کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے جس کی منزل متوازن فلاحی معاشرہ ہے، جمہوریت کی کامیابی کے لئے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی امر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے، عالمی یوم جمہوریت پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، پنجاب میں کرپشن کے سدباب کے لئے منظم مہم جاری ہے، آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے، جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کیلئے سول سوسائٹی اور اداروں کی فعالیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے،جمہوریت ہی سیاسی،معاشی اور سماجی استحکام کی منزل پر پہنچنے کا واحد راستہ ہے۔




