محبت رسول ۖ ہر مسلمان کے ایمان کی جان ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میلاد مصطفی ۖ کی حقیقتوں کوسمجھنے اور ان سے فیض یاب ہونے کے لیے دل میں نبی کریم ۖکی محبت لازمی ہے۔ محبت مصطفیۖ کے پیغام کو عام کرکے ہی پاکستان کو امن وسلامتی کاگہوارہ بنایاجاسکتا ہے۔ پیارے آقا مصطفی ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر آپس میں محبتوں کے بیج بوئے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پرو فیسر پیر میاں محمدآصف رضا قادری نے PP-111کے زیراہتمام منعقدہ ”محفل میلاد مصطفیۖ ”سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے محبوب ۖ کو پید افرما کر امت مسلمہ پر سب سے بڑا احسان فرمایا۔محبت رسول ۖ ہر مسلمان کے ایمان کی جان ہے۔،اس کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔ ملک و ملت کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ۖ کے نفاذ میں پنہا ں ہے۔اسلام کے آفاقی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو موجودہ گھمبیر مسائل کی دلدل سے نکالا جاسکتا ہے۔ دین سے دوری کی وجہ سے آج مسلمان پریشانیوں کا شکار ہیں۔فلسفہ میلاد یہ ہے کہ ہم رحمت اللعالمین کے نام پر باہمی نفرتیں ختم کر دیں۔ملک میں موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کے لئے سیرت ِرسول ۖ پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہوگا۔محفل کے اختتام پر آمدمصطفی ۖ کی خوشی میں 263پانڈ کاکیک کاٹا گیااور ملکی ترقی سلامتی استحکام کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔ اس موقع پر پیرسید شاہد حسین گردیزی، سید شاہزیب الحسن، سید عطا الرسول، حافظ محمد الیاس قادری، مولانا توقیر حسین کیانی، محمد وقاص حنیف سعیدی، حبیب اللہ رضوی، محمد ذیشان، محمد رضوان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں