محرم الحرام سے قبل سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کیا جائے،ڈپٹی کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واسا کے زیر انتظام وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی گرانٹ سے جاری 14 ارب روپے مالیت کے سیوریج منصوبے کی مختلف سائٹس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور منصوبے کے ہر مرحلے میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل منصوبے سے متاثرہ تمام سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران عوامی سہولت اور تحفظ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں اور آبادیوں کا دورہ کرکے ستھرا پنجاب ایجنسی کی جاری سرگرمیوں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں والی جگہوں پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گردوغبار کے تدارک کے لیے دن میں متعدد بار پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ شہریوں کو آلودگی اور مٹی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات پر کھلے مین ہولز کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر انہیں ڈھانپنے اور عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کی عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی آپریشن میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے اور محنت کو پورا سال برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو مستقل بنیادوں پر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر / ایم ڈی واسا احمد ہارون، اے ڈی سی جی / سی ای او ستھرا پنجاب ایجنسی رانا محمد ابوبکر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں