محرم الحرام میں شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائینگے

جڑانوالہ (نامہ نگار) محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کے حوالے سے امن کمیٹی کا اہم اجلاس کینال روڈ پر واقع نجی میرج ہال میں منعقد ہوا،تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے پرامن انعقاد، بین المسالک ہم آہنگی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل امن کمیٹی جڑانوالہ کا مشترکہ اجلاس کینال روڈ پر واقع نجی ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ نے کی۔اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین،متعلقہ محکموں کے افسران، مذہبی رہنمائوں اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس،سیکیورٹی،ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورایہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔اجلاس کے شرکا نے بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، اتحاد اور مذہبی رواداری کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔شرکا نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورایہ کی قیادت میں محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن،منظم اور خوش اسلوبی سے منعقد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں