محرم الحرام کے حوالے سے چنیوٹ کی امن کمیٹی کا اجلاس

چنیوٹ(نامہ نگار)محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں علما کرام اور امن کمیٹی ممبران نے انتظا میہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران، تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، سیکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ریسکیو اور طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامی امور کے حوالے کیے گئے انتظامات بارے آگاہ کیا، اس موقع پر محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی رواداری کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں گے، جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بہترین انتظامات کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے اجلاس کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں