محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،آر پی او

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبین کے ہمراہ امام بارگاہ بوستان زہرہ پیپلز کالونی کا وزٹ کیا۔ ایس پی مدینہ ڈویژن،ایس ڈی پی او پیپلز کالونی دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آر پی او نے امام بارگاہ اور حساس مقامات پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ حساس مقامات پر اضافی نفری اور امام بارگاہ کے اطراف میں سخت سکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کمشنر مسرت جبین کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں۔ پولیس، انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے امن و استحکام یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں