محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق،اوقات کار اور مقررہ روٹس کی پابندی ضروری ہے

جڑانوالہ (نامہ نگار)محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کیلئیاسسٹنٹ کمشنر دفتر میں تحصیل بھر کے مجالس و جلوس کے منتظمین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گرایہ اور ایس پی جڑانوالہ محمد اختر وینس نے کی۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر، ڈی ایس پی ساجد محمود سوہل اور سکیورٹی آفیسر حاجی محمد انصر سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، منتظمینِ مجالس و جلوس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ایس پی محمد اختر وینس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق، اوقات کار اور مقررہ روٹس کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عزاداران کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے،اسسٹنٹ کمشنر رنگز یب گرایہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے تقدس، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام منتظمین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے دوران حکومتی ہدایات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر منتظمینِ مجالس و جلوس نے انتظامیہ اور پولیس کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں