فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سٹی پولیس آفیسر تنویرحسین کی مشترکہ صدارت میں عشرہ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی،امن کمیٹی کے ممبران حافظ محمد امجد، زاہد محمود قاسمی، مولانا ریاض کھرل، جعفر نقوی، افتخار نقوی، یاسین ظفر،فادر ایمرک جوزف ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں علما، مشائخ اور امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے۔محرم الحرام میں امن کے قیام کے لئے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں ماضی کی طرح ملی یکجہتی اور بھائی چارے کی ضرورت ہے،حساس ایام میں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے جامع انتظامات کئے جا رہے ہیں،کسی کو اشتعال پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے محرم الحرام میں محبت، بھائی چارے، رواداری اور اتحاد کی فضا برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق بھی کیا گیا اور محرم الحرام کے دوران امن کے قیام کی خصوصی دعا کی گئی۔




