محرم کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام ادارے اور شہری کردار ادا کریں

جڑانوالہ(نامہ نگار) محرم الحرام کے انتظاما ت کے حوالے سے میونسپل کمیٹی دفتر میں اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کی قیادت میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا،تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ، ایس پی اختر وینس،ڈی ایس پی ساجد محمود اور چیف افیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے میونسپل کمیٹی دفتر میں ممبرانِ امن کمیٹی کے ہمراہ محرم الحرام کے انتظاما ت کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال،جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی، ٹریفک انتظامات، باہمی ہم آہنگی اور ضابطہ اخلاق پر موثر عملدرآمد کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور شہری مشترکہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکا کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی کڑی نگرانی کی جائے گی،جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے جو امن و امان خراب کرنے یا مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں