صفدر آباد(نامہ نگار)محنت کش نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی۔تفصیلات کے مطابق فاروق آباد میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کالونی روڈ کے قریب واقع مائیکرو فنانس بنک کے عملے کے تضحیک آمیز رویے سے دلبرداشتہ ہو کر محنت کش نے خود کشی کر لی۔ ورثاء کے مطابق محنت کش اختر کی بیوی آمنہ نے مجبوری کے تحت بنک سے پچاس ہزار روپے قرض لیا تھا۔مگر وہ قرض کی قسط وقت پہ ادا نہیں کر سکی۔ اس وجہ سے بنک کے عملے نے خاتون آمنہ بی بی کو مبینہ طور پر گھر سے اغواء کر لیا اور لا کر بنک کے آفس میں بند کر دیا۔بیچارا شوہر اختر بیوی کو رہا کرنے کے لیے منت سماجت کرتا رہا مگر بنک کے عملے نے اسے دھکے دیکر باہر نکال دیا۔خاتون کا شوہر یہ تذلیل برداشت نہ کرسکا اور دلبرداشتہ ہو کر اس نے بنک کے سامنے زہریلی گولیاں کھا لیں ۔اسے فوری طور پر پہلے شیخوپورہ اور پھر لاہور لیجایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔تھانہ سٹی فاروق آباد پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادی جبکہ بنک کے ذمہ دار عملے کو گرفتار کر لیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




