فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈو یلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے دو ملازمین کی باعز ت ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار الودا عی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین میں آفس اسسٹنٹ ذوالفقار علی انجم اور نائب قاصد (ایڈمن برانچ) محمد ارشد شامل تھے۔ تقریب کا اہتمام انقلابی ورکرز یونین ایف ڈی اے کی جانب سے کیا گیا۔جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ظفر اقبال ناگرہ مہمانانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، صدر انقلابی ورکرز یونین صداقت بلوچ، جنرل سیکرٹری میاں منیب ریاض، چیئرمین شیخ عمران، یونین کے دیگر عہدیداران، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کی کامیاب اور باوقار سرکاری ملازمت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کسی بھی ادارے کا قیمتی سرمایہ اور اس کی ترقی کا بنیادی ستون ہوتے ہیں۔ اپنی دیانتداری، فرض شناسی، محنت اور لگن سے وہ نہ صرف ادارے کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ عوامی خدمت کے معیار کو بھی بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی انجم اور محمد ارشد نے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خلوص، ایمانداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور ادارے کی بہتری کے لیے قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی خدمات ایف ڈی اے کی تاریخ کا ایک اہم حصہ رہیں گی اور انہیں ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی صحت، خوشحالی اور کامیاب آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناں کا اظہار بھی کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ظفر اقبال ناگرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریٹائرمنٹ ملازمت کے ایک اہم باب کے اختتام کے ساتھ زندگی کے ایک نئے اور مثبت مرحلے کا آغاز بھی ہے۔ محنتی، دیانتدار اور مخلص ملازمین کی خدمات کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتی ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے صحت مند، خوشحال اور کامیاب زندگی کی دعا کی۔ صدر انقلابی ورکرز یونین صداقت بلوچ نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پیشہ ورانہ خدمات، ادارے سے وابستگی اور فرض شناسی نوجوان ملازمین کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کارکن ادارے کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ قابلِ ستائش رہتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز، پھول اور تحائف پیش کیے گئے۔ شرکا نے ان کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیاب مستقبل کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے ملازمین نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، انقلابی ورکرز یونین کے عہدیداران اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعزاز میں منعقد کی گئی یہ پروقار تقریب ان کے لیے باعثِ فخر اور ناقابلِ فراموش یادگار ہے۔




