فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مدینہ فائونڈیشن کے زیر سر پرستی 35جوڑوں کی شادی کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی کمشنر فیصل آباد ڈویژن محترمہ مسرت جبیں تھیں۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے طلبا و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے تقریب کے انتظاما ت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ معروف عالم دین قاری نیاز احمد نے خطبہ نکاح پڑھایا اور نوبیاہتا جوڑوں کے خوشحال مستقبل کے لیے دعا کروائی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی کمشنر فیصل آباد ڈویژن محترمہ مسرت جبیں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ فائونڈیشن ہمیشہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں شادیوں کی اجتماعی تقریب مستحق افراد کے لیے ایک نعمت ہے۔ اس موقع پر ریکٹر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک نے اپنے خطاب میں تمام نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے عزیزواقارب کو مبارکباد پیش کی۔ مدینہ فائونڈیشن کی جانب سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی نئی دلہنوں کو جہیز پیکج اور خصوصی تحائف بھی دیئے گئے۔ تقریب میں موجود 1500سے زائد مہمانوں کے لئے طعام کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات میں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے مختلف شعبہ جات کے ہیڈز ، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر نو بیاہتا جوڑوں کے والدین کے چہروں پر تشکر اور مسرت کے جذبات دیدنی تھے اور وہ مدینہ فائونڈیشن کے انتہائی مشکور تھے۔




