گوجرہ (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کا تحصیل گوجرہ کا تفصیلی دورہ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری محمد ریاض گجر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر علی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرزہسپتال گوجرہ ،میونسپل کمیٹی، جناح پارک، سبزی و فروٹ منڈی اور جھنگ گوجرہ روڈ کا دورہ کرکے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کے ایمرجنسی وارڈ کے معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجے، طبی سہولیات اور انتظامی امور بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر مخیر حضرات کے تعاون سے معذور افراد میں ویل چیئرز جبکہ مریضوں میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنایاجائے ۔بعدازاں میونسپل کمیٹی گوجرہ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زیر تعمیر واٹر سٹوریج ٹینک اور ڈرینج لائن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سٹوریج اور ڈرینج منصوبوں کی تکمیل سے گوجرہ میں نکاسی آب اور شہری سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے جناح پارک کا بھی دورہ کیا اور بحالی کے بعد پارک میں فراہم کی گئی سہولیات، صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کے اقدامات کا جائزہ لیا۔




