گوجرہ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ویژن پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے تحصیل گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا اور صحت، تعلیم، شہری سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، پیڈز اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجہ کے حوالے سے براہِ راست فیڈ بیک لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مفت ادویات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری اور طبی سہولیات کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات، مفت ادویات اور معیاری علاج کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے ہسپتالوں میں سہولیات کی دستیابی اور سروس ڈیلیوری کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ملت گرلز ہائی سکول گوجرہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے طالبات میں یونیفارم تقسیم کیے جبکہ پوزیشن ہولڈرز میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے طالبات اور اساتذہ سے ملاقات کرکے تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی امور اور سکول میں دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول اور بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔۔میونسپل کمیٹی گوجرہ میں نویں جماعت کے نمایاں طلبہ، اساتذہ اور والدین کے اعزاز میں تقریب بھی منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔




