ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات، انتظامی امور اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کی مثر مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے سٹی ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں طبی و انتظامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم اور ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقا ت کرکے انہیں فراہم کیے جانے والے علاج، ادویات اور دیگر طبی سہولیات کے بارے میں براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر، ڈاکٹروں و طبی عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کے ریکارڈ، دستیابی اور ایکسپائری ڈیٹس چیک کیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ضروری ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ مریضوں کو بروقت علاج اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو بروقت طبی خدمات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور ہسپتال کے انتظامی امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔




