لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے این ایس آئی سی ٹی اینڈ آر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے مرکزی داخلی ہال، ریڈیالوجی، میموگرافی سوئٹ اور سی ٹی اسکین روم کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریڈی ایشن تھراپی، ٹریٹمنٹ پلاننگ روم اور سیمولیٹر سمیت دیگر اہم شعبہ جات کا بھی جائزہ لیا۔مریم نواز نے سٹیٹ آف دی آرٹ سیٹنگ روم اور اے ایچ یو روم کا بھی معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال کی تعمیر تین شفٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ منصوبہ جلد از جلد فعال ہو سکے۔ذرائع کے مطابق ادارے کے لیے افرادی قوت کی بھرتی کے حوالے سے بتایا گیا کہ 219 آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے جن میں سے 32 امیدواروں کا انتخاب کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید 415 آسامیوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور ان کا اشتہار آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا۔وزیراعلی نے ہسپتال کے ڈین، ڈائریکٹر اور دیگر اہم عہدوں پر بہترین اور ماہر پروفیشنلز کی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔




