ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر “نگہبان رمضان پیکج 2025″کے تحت مستحق خاندانوں کو گھروں تک مالی امداد کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ اس پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر علی سمیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امدادی رقوم کی تقسیم میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے31ارب روپے کے اس خصوصی پیکج کا مقصد رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں کو ز یا دہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ امدادی رقوم کی بروقت اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ کسی بھی مستحق کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔امدادی رقم حاصل کرنے والے مستحقین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے اس اقدام کو سراہا اور حکومت کے اس فیصلے پر اظہار تشکر کیا۔




