فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مشکوک سرگرمیوں پر ڈی سی آفس سے بیدخل ہونیوالا صادق سواتی کمشنر آفس پہنچ گیا، ہر تقریب اور کمشنر آفس میں ڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ کے ساتھ ساتھ موجود’ ڈی سی آفس کی طرح کمشنر آفس میں بھی وارداتیں ڈالنا شروع کر دیں، کمشنر کی ساکھ متاثر۔ تفصیلات کے مطابق صادق سواتی بطور پرائیویٹ ملازم سٹی ٹرمینل میں اقرباء پروری ،رقم کا لین دین کر کے بھرتی ہوا جس کے بعد انتہائی چالاکی سے دھونس دھاندلی کے بل بوتے پر غیر قانونی طور پر ڈی سی آفس کنٹرول روم کا انچارج بن گیا اور انسداد ڈینگی کے نام پر کارروائیاں کر کے شریف شہریوں کو ڈراتا اور مقدمہ درج کروانے کی دھمکی لگا کر دھاک بیٹھانے لگا اور پرائیویٹ گاڑی پر نیلی بتی لگا کر شہریوں کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں کے افسران واہلکاران پر بھی رعب جھاڑنے لگا، اس حوالے سے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے صادق سواتی کے کارناموں کیخلاف آواز اٹھائی تو حکومت پنجاب نے کمشنر فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی جس پر اس وقت کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم کے انچارج کے طور پر کام کرنے والے صادق سواتی کو ڈپٹی کمشنر آفس سے بے دخل کرتے ہوئے سٹی ٹرمینل ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ جس پر صادق سواتی ڈپٹی کمشنر آفس سے چلا گیا اور اس وقت سے غائب تھا مگر ڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ کی تعیناتی کے فوری بعد صادق سواتی ڈویژنل کمشنر آفس پہنچ گیا وہ اب ہر تقریب میں ڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ کے ہمراہ نظر آتا ہے اور اس نے اسی بناء پر کمشنر آفس میں وارداتیں ڈالنا شروع کر دی ہیں، جس سے کمشنر آفس کا ماحول خراب ہو گیا، ملازمین پریشان ہیں۔ صادق سواتی کی وارداتوں کے باعث ڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ کی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اس لیے کمشنر عمران حامد شیخ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر صادق سواتی کو کمشنر آفس سے بے دخل کر دیں ورنہ وہ اپنی بری شہریت اور وارداتوں سے کمشنرآفس کو بھی داغدار کر دیں گے۔




