2مبینہ پولیس مقابلے،1ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک،دوسر ازخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ سمیت ریکارڈیافتہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے مقابلہ میں ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والا ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش کو شعبہ مارچری اور زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او چک جھمرہ انسپکٹر رضوان شوکت کو اطلاع ملی تھی کہ تین مسلح ڈاکو واردات کے بعد فرار ہوئے ہیں تو ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بائی پاس کے قریب ناکہ بندی کرتے ہوئے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جسکی شناخت سلمان ولد عمران سکنہ وہاڑی کے نام سے ہوئی جو کہ درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اور وہاڑی میں پولیس پارٹی پر حملہ میں بھی ملوث تھا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ دوسرا مبینہ مقابلہ تھانہ گلبرگ کے علاقہ اے بی سی پل کے قریب ہو اجہاں پر ایس ایچ او عبدالغفار نے مشکوک ملزمان کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام رانا تیمن بتایا جو کہ متعدد وارداتوں میں ریکارڈیافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں