اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت میں خود انحصاری حاصل کرنے کا قومی فیصلہ کر لیا ہے اور ملک مستقبل کی جدید ٹیکنالوجیز میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسلام آباد میں 2روزہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن پر عمل پیرا ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی کو قومی ترقی، روزگار اور معاشی مسابقت کا بنیادی ذریعہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ذہین ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو رہی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس صنعت، زراعت، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، قدرتی آفات سے نمٹنے اور قومی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔




