فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں ،وائس چیئر مین شیخ محسن، صدر حاجی سردار محمد، جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم ،سرپرست اعلیٰ حاجی منظور قادر، میاں عبدالمجید، سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد، نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکرٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ، جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر، فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ اور دیگر نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے پانچ سالہ پروگرام ” اڑان پاکستان ” پر بر ق رفتاری سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ،بڑے پیمانے پر روزگار کا ذریعہ بننے والے مقامی کاروبار وں کی ترقی کیلئے بھی منصوبہ شروع کیا جائے ،معیشت کی ترقی کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے ۔اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ معیشت کی ترقی کے لئے برآمدات کا فروغ ضروری ہے اور ہر آنے والی حکومت برآمدی صنعتوں کو کئی طرح کی مراعات اور یلیف بھی دیتی ہے لیکن حکومت چھوٹے کاروبار کی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کرے کیونکہ یہ بھی وسیع پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔ تجویز ہے کہ حکومت ایس ایم ایز کے لئے خصوصی پالیسی بنائے اورانہیں بھی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدی صنعت میں تبدیل کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ تاجر طبقہ موجودہ حالات میں شدید مشکلات سے دوچار ہے جسے ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔




