فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بزنس انکیوبیشن سینٹر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے اسٹوڈنٹ اسٹار ٹ اپ بزنس سینٹر کے بیچ 4 کی ایوارڈ تقسیم تقریب کا انعقاد کیا۔ بیچ 4 میں بزنس انکیوبیشن سینٹر میں مجموعی طور پر47 اسٹارٹ اپس کو انکیو بیشن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ علم پر مبنی معیشت کے فروغ کیلئیجدید اور تخلیقی کاروباری آئیڈیاز کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ روشن مستقبل کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے صنعت اور اکیڈیمیا کیساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے اسٹارٹ اپس کو ترقی ، کاروباری وسعت کے بہتر مواقع میسر آ سکیں گے۔ انہوں نے بزنس انکیوبیشن سینٹر کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 2024-25ء یونیورسٹی درجہ بندی میں پنجاب بھر میں پہلی اور ملک بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر حماد بدر نے بتایا کہ اسٹارٹ اپس کے لیے جانچ اور شارٹ لسٹنگ کے عمل کے بعد ممتاز صنعتکاروں، ڈائریکٹرز ، ڈینز، ٹریژرر، بی آئی سی ٹیم اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے نمائندے پر مشتمل ججوں کے پینل نے کاروباری منصوبوں میں جدت اور انفرادیت کی بنیاد پر47 انکیوبیٹیز کا انتخاب کیا۔




