لاہور (بیوروچیف) پنجاب ملکی غذائی ضروریا ت پوری کرنے میں گندم کے حوالے سے سب سے اہم کردار ادا کر رہا ہے، جہاں رواں سال ملکی پیداوار میں صوبے کا حصہ بڑھ کر77فیصد ہوگیا ہے۔ فوڈ سیفٹی پروٹیکشن کے ترجمان کے مطابق پنجاب گزشتہ کئی برسوں سے ملکی گندم کی پیداوار میں 75 فیصد سے زائد حصہ ڈالتا آرہا ہے۔ترجمان کے مطابق پنجاب اپنی ضرورت سے 33فیصد زائد گندم پیدا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے میں تقریبا 5.4 ملین میٹرک ٹن سرپلس گندم دستیاب ہوتی ہے۔ پنجاب کی یہی اضافی گندم سندھ سمیت دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔، جبکہ پنجاب کے علاوہ تمام صوبے گندم کے معاملے میں خسارے کا شکار ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے رواں سال 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم 3 ہزار 500 روپے فی من کے حساب سے خریدی، تاہم صرف دو ہفتوں کے اندر اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 3 ہزار 500 روپے فی من سے تجاوز کرگئی۔اس وقت مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4 ہزار 700 روپے فی 40 کلوگرام تک پہنچ چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق موجودہ قیمتوں کے باعث ماضی کے مقابلے میں کسانوں کو اس بار اپنی گندم کی فصل کا بہتر معاوضہ مل رہا ہے۔




