اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر آج سے15جون تک الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں طغیانی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ادارے کے مطابق چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، اسی طرح گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔دوسری جانب 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔لاہور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں صبح سے بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 اور کم سے کم 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادھر کراچی آج شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی اور محسوس ہونے والا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، شہر میں جنوب مغرب سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دن کے اوقات میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔




