اسلام آباد(بیورو چیف)ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان کے اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوب مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ ساہیوال، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور راجن پور میں بعداز دوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بعداز دوپہر جنوب مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے تاہم بعداز دوپہر شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ نصیر آباد، لورالائی، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہا تاہم بالائی پنجاب، کشمیر میں تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ پر 41 ملی میٹر، چکوال 37، لاہور سٹی 21، جہلم 18، گجرانوالہ 15، قصور 11، نارووال 9، سیالکوٹ سٹی 8، منگلا 7 اور منڈی بہاالدین 6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ دیکھا جا رہا ہے دریں اثناء پنجاب بھر میں بارش کا سبب بننے والا موسمی سسٹم ختم ہونے کے بعد موسم نے ایک بار پھر رخ بدل لیا ہے اور صبح سے ہی سورج نے تیز شعاعوں کے ساتھ اپنی موجودگی کا احساس دلانا شروع کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے اثرات ختم ہونے کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادارے نے کہا کہ آئندہ دنوں میں بارش کا کوئی نیا سسٹم فی الحال پنجاب میں داخل ہونے کی توقع نہیں جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔




