مولوی غلام رسول عالم پوری کے مزار سے ملحقہ اراضی کو قابضین سے واگزار کرایا جائے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ صوفی شاعر، ادیب اور دانشور مولوی غلام رسول عالمپوری کے مزار سے ملحقہ 116 کنال 5 مرلہ اراضی پر مبینہ ناجائز قبضوں اور مزار تک رسائی کے راستے کی بندش کا معاملہ سامنے آ گیا۔ ان کے نواسے صاحبزادہ مسعود احمد عالمپوری نے پریس کلب میں سینئر صحافی حمید شاکر،جاویدصدیقی،سیکرٹری پریس کلب شوکت علی وٹو ،ایگزیکٹو ممبر منیبہ فاطمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مزار کی اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروا کر اسے قومی ورثہ قرار دیا جائے۔صاحبزادہ مسعود احمد عالمپوری نے کہا کہ مولوی غلام رسول عالمپوری محض ایک ادبی شخصیت نہیں بلکہ پاکستان اور ہندوستان کا مشترکہ تہذیبی، مذہبی اور ادبی اثاثہ ہیں۔ ان کی مذہبی، ادبی اور صوفیانہ تصانیف آج بھی پنجاب کے صوفی ادب میں نمایاں مقام رکھتی ہیں، جبکہ ان کی علمی و ادبی خدمات پر پاکستان، ہندوستان اور دیگر ممالک میں تحقیقی کام ہو چکا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی عظیم علمی و روحانی شخصیت کے مزار کی اراضی مبینہ طور پر قبضوں کی زد میں ہے اور مزار شریف تک پہنچنے والے راستے پر بھی قبضہ کر لیا گیا ہے، جس کے باعث زائرین، عقیدت مندوں، محققین اور ادب سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مزار کی اراضی کے تنازع پر 16 اپریل 2018 کو عدالت سے رجوع کیا گیا تھا، طویل قانونی جدوجہد کے بعد 16 اکتوبر 2026 کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہوشیارپور نے ان کے حق میں فیصلہ صادر کیا، تاہم ان کے بقول عدالتی فیصلے کے باوجود تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، جو ایک اہم قانونی اور انتظامی سوالیہ نشان ہے۔صاحبزادہ مسعود احمد عالمپوری نے پرزور مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے مزار کی 116 کنال 5 مرلہ اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی جائے، مزار تک آمدورفت کا راستہ بحال کیا جائے اور اس عظیم صوفی شاعر کے مزارکی تاریخی، ادبی اور روحانی حیثیت کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں سکھ مذہب کے مقدس مقامات، گوردواروں اور بھگت سنگھ جیسی تاریخی شخصیات کی یادگاروں کو تاریخی ورثے کے طور پر اہمیت دی جاتی ہے، اسی طرح مولوی غلام رسول عالمپوری جیسے عظیم علمی و ادبی سرمایہ کو بھی قومی سطح پر تحفظ اور سرپرستی فراہم کی جانی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں