ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ، عشرہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ای او پیرا فورس صدف ارشاد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر، سول ڈیفنس، لائیو سٹاک، زراعت، صحت، تعلیم، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے مون سون بارشوں اور ممکنہ فلڈ ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کی تیاریوں، دستیاب مشینری، افرادی قوت اور ریسپانس پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، طبی سہولیات، بجلی کی فراہمی اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامی ادارے، پولیس، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکمے محرم الحرام اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے دوران مکمل الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے مشینری، وسائل اور افرادی قوت کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں اور باہمی رابطے کے موثر نظام کے ذریعے بروقت رسپانس کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔




