فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری ایم تھری موٹروے پر ڈرائیور کو اونگھ آنے سے فیصل موورز کی تیز رفتار بس مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، بس کا سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ 26مسافر زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فیصل موورز کی اے سی کوچ راجن پور سے لاہور جا رہی تھی کہ جب وہ سمندری انٹرچینج سے لاہور کی جانب 9 کلومیٹر فاصلے پر پہنچی تو ڈرائیور کو مبینہ طور پر اونگھ آنے سے بس مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ مزدا ٹرک الٹ گیا اور اس کا سکیورٹی گارڈ محمد زبیر بس کی فرنٹ حصے میں پھنس گیا اور کوسٹر میں سوار دیگر مسافر بھی بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بس کے اگلے حصہ میں پھنسے سکیورٹی گارڈ زبیر کو کامیاب آپریشن کے بعد باہر نکالا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ شدید زخمی ہونے والوں میں 55سالہ شیر غلام’ 28سالہ عدنان’ 26سالہ اﷲ بخش’ 45سالہ شاہد ندیم اور 32سالہ محمد شاہد کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ تاہم موٹروے پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔




