فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مویشی منڈیوں میں انتظامات نہ ہونے سے خریدار اور بیوپاری پریشان’ شہریوں کا ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے سلسلہ میں ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں مگر فیصل آباد میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث مویشی منڈیوں میں انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ مویشی منڈیوں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ابھی تک کوئی پلان ترتیب نہیں دیا گیا۔ منڈیوں میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہے۔ ضلعی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھی کوئی انتظامات نہیں کئے گئے ہیں۔ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی اور پانی کا چھڑکائو بھی نہیں کیا جا رہا جس کے باعث مویشی منڈیوں میں دھول اور گرد وغبار کے بادل چھائے ہوتے ہیں۔ مویشی منڈیوں میں انتظامات کیلئے ابھی تک کوئی محکمہ بھی متحرک نہیں ہوا۔ تمام محکمے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ شہر میں لاک ڈائون کے باعث رات 8 بجے دکانیں بند ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے لوگ جوق درجوق مویشی منڈیوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ مویشی منڈیوں میں رش بہت زیادہ ہے مگر انتظامات نہ ہونے کے باعث خریدار اور بیوپاری دونوں پریشان ہیں۔ شہری حلقوں نے ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیکر مویشی منڈیوں میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کیلئے اقدامات کریں تاکہ جانوروں کے خریداروں اور بیوپاریوں کو آسانی ہو سکے۔




