لاہور(بیورو چیف)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار خریداروں اور بیوپاریوں کی حفاظت کیلئے ہائی الرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 222 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں 6 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 600 سے زائد پولیس افسران اور جوان مامور ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں اور خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔




