سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت عیدالاضحیٰ کے حوالے سے کیے گئے خصوصی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران، پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شر کت کی۔اجلاس میں ڈویژن بھر میں مویشی منڈیوں کے قیام، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، سیوریج، لائٹنگ اور شہری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات، مویشی منڈیوں کی صورتحال، صفائی پلان اور عوامی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے حکام نے بتایا کہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ سکیورٹی، پارکنگ، پانی، پنکھوں اور طبی سہولیات کے انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اجلاس کو عید کے موقع پر آلائشیں بروقت اٹھانے، خصوصی صفائی آپریشن اور ویسٹ کلیکشن پلان بارے بریفنگ دی۔




