سرگودہا(بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے واضح کیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ناجائز منافع خوری اور مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ خریداروں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور نرخ نامے واضح اور نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔یہ بات انہوں نے مویشی منڈیوں اور عارضی سیلز پوائنٹس پر انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اے ڈی سی آرز، سی او او پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اس وقت 14 مویشی منڈیاں اپنے معمول کے ایام میں کام کر رہی ہیں، جبکہ قربانی کے جانوروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی ہدایت پر بعض مویشی منڈیاں عید تک عارضی طور پر فعال کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں، عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل کمیٹیوں کے زیر انتظام ضلع میانوالی میں 3، سرگودہا اور بھکر میں 6،6 عارضی سیلز پوائنٹس “نفع و نقصان کے بغیر” بنیاد پر قائم کیے گئے ہیں، جہاں بیوپاری اور خریدار براہ راست لین دین کر سکیں گے۔




