مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا جائے،ریلوے پریم یونین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے پریم یونین کے چیئرمین محمد ضیا الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور،سیکرٹری جنرل خیرمحمد تونیو، سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان، چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری،ڈپٹی چیف آرگنائزر جنیدخرم،ڈپٹی میڈیا کوآرڈی نیٹر عا طف رزاق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے کم ازاکم 100فیصد اضافہ نہ کیا گیا تو کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہو گا، کسی کو بھی عوامی سرمائے پر موج مستی نہیں کرنے دیں گے،اب ملازمین نہیں بلکہ حکمرانوں کو قربانی دینا ہو گی، دس فیصد اضافہ کسی طور پر منظور نہیں، پریم یونین ظالمانہ بجٹ کے خلاف احتجاجی تحریک چلائے گی،ملازمین کو ان کا حق دلوائیں گے۔حکومتی ایوانوں تک ملازمین کی آواز پہنچانے کیلئے یکم جون کو ملتان اور2جون کو راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے جن کی قیادت شیخ محمدانور،خالدمحمودچوہدری،ڈاکٹر اشتیاق عرفان،رانامحمدشریف اور دیگرراہنما کریں گے۔ پریم یونین کے راہنماں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ ریلوے میں تنخواہوں کی ادائیگی کے شیڈول کو معمول کے مطابق لایا جائے۔ سکیل ایک سے لے کر سولہ تک کے ملازمین اور پنشنرز کو انکم ٹیکس سے مستثنی قرار دیا جائے۔ ریلوے کے ملازمین 2019 سے بغیر ٹی اے، ڈی اے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ٹی اے ڈی اے کی فوری ادائیگی کی جائے، خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی بجائے ریلوے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے، ٹی ایل اے اور ان ویلڈ ملازمین کو فوری طور پر مستقل کرنے کا اعلان کیا جائے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے پہلے ان ویلڈ ملازمین کے بچوں کوفوری طور پر ریلوے میں بھرتی کیا جائے، ریلوے کا بجٹ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق طے کیا جائے۔دیگرحکومتی اداروں کی طرح حکومت ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی ذمہ داری بھی لے۔گریڈ 16 تک پرموشن کے لیے آئی بی کی کلیرنس سے مستثنی قرار دیا جائے۔ ریلوے میں فوری طور پر ریفرینڈم کا اعلان کیا جائے۔ مسافر ٹرینوں کی نجکاری کو ختم کیا جائے۔ مسافر اور گڈز کو چز ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے حکومت فوری طور پر مالی وسائل فراہم کرے،تمام ایڈہاک ریلیف الانسز کوبنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے سکیل ریوائزکئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں