میانوالی (بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی اور سیکرٹری سپیشلائز ڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب عظمت محمو د نے ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا کے ہمراہ مریم نواز میڈ یکل کالج میانوالی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی کی پرانی عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انھوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں میڈیکل کالج کے قیام، کلاسوں کے اجراء اور طلباء کے ہاسٹل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فارکہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی مین بلڈنگز میں میڈیکل کالج کے طلباء کیلئے کلاسوں کا انعقاد، اکیڈمک بلاک، لیبارٹری ، ایڈمنسٹریشن بلاک جبکہ ٹراما سنٹر میں سٹوڈنٹس کا ہاسٹل بنایا جا ئے گا۔ انہوں نے مزید بتا یا کہ یہ عمارت میڈیکل کالج کی تما م ضروریات کے عین مطابق ہے اور انشاء اللہ دسمبر میں کلاسوں کا اجراء کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر کمشنر سرگودہا ڈویژن نے کہا کہ میانوالی میں میڈیکل کالج کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلاحی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کالج کیلئے فوری طور پر 40 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کر دی جائے گی۔ کمشنر سرگودھا نے ایکسئن بلڈنگز کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی پرانی عمارت کی بحالی ومرمت کیلئے ٹینڈرنگ پراسس کو فوری مکمل کیا جائے۔ انھوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ کالج کیلئے فرنیچر ودیگر ضروری ساما ن کی خریداری کیلئے تما م انتظامات کو یقینی بنایا جا ئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو محمد شاہد کھو کھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ محمد شعیب رضاخان، ایکسئن بلڈنگز اعظم غفور، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں کاشف علی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ہارون بھی موجود تھے۔




