میونسپل کمیٹی جڑانوالہ شہری ترقی میں تاجربرادری کو اپنا شراکت دار سمجھتی ہے

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ سی او میونسپل کمیٹی محسن مظہر اور مرکزی انجمن تاجران کے نمائندوں کا اہم اجلاس، شہر کی ترقی اور تاجروں کے مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا،تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کے دفتر میں چیف آفیسر (سی او) محسن مظہر سے مرکزی انجمن تاجران کے ایک اعلی سطحی وفد نے اہم ملاقات کی۔ اجلاس میں شہر کے ترقیاتی امور، تجارتی مسائل، تجاوزات کے خاتمے اور شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری عمران طاہر اور نائب صدر حاجی ظہیر بابر نے سی او محسن مظہر کے سامنے تاجر برادری کے اہم مطالبات اور مسائل پیش کیے۔ اس موقع پر دکانداروں کے لیے جرمانوں کے حوالے سے منصفانہ اور واضح شیڈول، ریٹ لسٹ کے بروقت اجرا اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ اجلاس میں شہر کی ترقی اور خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لیے بازاروں سے انکروچمنٹ (تجاوزات) کے خاتمے اور گرین بیلٹس کی بحالی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سی او محسن مظہر نے انجمن تاجران کے وفد کے تمام مطالبات کو غور سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ میونسپل کمیٹی شہر کی ترقی میں تاجر برادری کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتظامیہ تاجروں کے ساتھ مل کر جڑانوالہ کی بہتری اور عوامی مفاد کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ملاقات میں مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری عمران طاہر، نائب صدر حاجی ظہیر بابر، مسلم لیگی رہنما رانا محمد اکبر اور گارڈن انسپکٹر مرزا سجاد سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں