میٹرو بس منصوبہ،جھنگ روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی غفلت سے جھنگ روڈ پر میٹروبس منصوبہ شہریوں کیلئے دردسر بن گیا، ہر وقت ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے حکم پر جھنگ روڈ طاہر آباد کے قریب میٹروبس کے میگا پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہیوی مشینری اور لیبر دن رات کام میں مصروف ہے مگر ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے مناسب انتظامات نہیں کئے گئے ہیں، مین روڈ ہونے کی وجہ سے جھنگ روڈ پر ٹریفک کا دبائو بہت زیادہ ہے، چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے اس میگا پراجیکٹ کیلئے ٹریفک کا پلان ترتیب دیا تھا جس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے، جن ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے وہ چالان ٹارگٹ پورا کرنے کے بعد ڈیوٹی سے غائب ہو جاتے ہیں یا چھائوں میں کھڑے ہو کر خوش گپیوں میں مصروف رہتے ہیں، ائیرپورٹ چوک میں ہر وقت ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، شہری کئی کئی گھنٹے رش میں پھنسے رہتے ہیں جس کے باعث لڑائی جھگڑے بھی ہو رہے ہیں، اتنے بڑے منصوبے کیلئے ٹریفک کے نظام کو بہتر نہ کیا گیا تو جھنگ روڈ پر ٹریفک کے مسائل بڑھ جائیں گے اور شہریوں کا گزرنا مشکل ہو جائیگا۔ شہری حلقوں نے سی ٹی او ناصر جاوید رانا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں اور جھنگ روڈ پر مزید ٹریفک وارڈنز تعینات کئے جائیں جن کی چالانز کی بجائے صرف ٹریفک کنٹرول کرنے کی ڈیوٹی ہو تاکہ عوام کو آمدورفت میں آسانی ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں