میٹرو بس منصوبہ،متعلقہ اداروں کی غفلت سے شہری اذیت سے دو چار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں میٹروبس منصوبہ کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری’ متعلقہ محکموں میں رابطوں کے فقدان سے شہری پریشان۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد میں میٹروبس منصوبہ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، میٹروبس ٹریک جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹائون سے جھنگ روڈ پر طاہر پورہ تک تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ٹھیکیداروں کی جانب سے تین شفٹوں میں دن رات کام جاری ہے مگر متعلقہ محکموں کے آپس میں عدم تعاون کے باعث منصوبے میں طرح طرح کی رکاوٹیں آ رہی ہیں، میٹروبس منصوبے سے ملحقہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ ڈویژنل کمشنر نے دورہ کر کے سڑکوں کی فوری تعمیر کا حکم دیا تھا مگر اس پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا، پانی کا چھڑکائو بھی نہیں کیا جاتا، گردوغبار سے قریبی رہائشیوں اور گزرنے والے شہریوں کا سانس لینا مشکل ہو چکا ہے، ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے، سی ٹی او کی جانب سے ڈیوٹیاں تفویض کرنے کے باوجود وارڈنز غائب رہتے ہیں، ہر وقت ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے، شہری اذیت سے دوچار ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیکر ڈویژنل کمشنر کو ہدایات دیں کہ وہ معاملات کو درست کریں اور شہریوں کو آنیوالی مشکلات کو دور کریں اور تمام محکموں کی کوارڈینیشن بہتر بنائیں اگر اس طرف توجہ نہ دی گئی تو پھر مقررہ مدت میں منصوبہ کی تعمیر مشکل ہو جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں