لاہور (بیورو چیف) مالی سال کے اختتامی 20دنوں میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نے ٹوکن ٹیکس وصولیوں میں اضافے اور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نان رجسٹرڈ گاڑیوں، جعلی نمبر پلیٹس اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ڈائریکٹر موٹرز لاہور شاہد گیلانی نے ٹیکس وصولی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق 6ای ٹی اوز کی نگرانی میں ہفتے کے ساتوں دن صبح 9بجے سے شام 4 بجے تک شہر بھر میں ناکہ بندیاں کی جائیں گی۔حکام کے مطابق لاہور کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جہاں نان رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز، جعلی نمبر پلیٹس اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس حوالے سے شاہد گیلانی کا کہنا ہے کہ ایک سال یا اس سے زائد عرصے سے ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کے چالان کیے جائیں گے جبکہ ضروری قانونی کارروائی کے تحت گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے اب تک دو لاکھ سے زائد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو سسٹم میں بلاک کر دیا ہے۔ ان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11ماہ کے دوران 20ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کی جا چکی ہیں جبکہ مالی سال کے آخری 20دنوں میں مزید 2ارب روپے سے زائد وصول ہونے کی توقع ہے۔محکمہ ایکسائز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی بروقت یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی اور جرمانوں سے بچا جا سکے۔




