فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) معمولی تلخ کلامی پر مخالفین کے تشدد سے شہری جاں بحق، نشئی نے چھریوں کے وار کر کے ساتھی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی،تفصیل کے مطابق تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ شمس آباد روڈ پرمنیر آباد میں سمسل قمر ولد مظفر کی ملزمان سلطان وغیرہ سے معمولی تلخ کلامی ہوئی تو مشتعل ملزمان نے سمسل قمر کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی، جبکہ بٹالہ کالونی کے علاقہ مٹھائی والا چوک کے قریب نشہ نہ دینے پر نشئی نے ساتھی بشارت علی ولد محبوب کو چھریوں کے وار کر کے لہولہان کر دیا جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، علاوہ ازیں 214ر۔ب کے 24سالہ شہزاد ولد شہباز کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔




