فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی مجلس شوریٰ مرکزی علماء کونسل پاکستان ختم نبوت اسلا مک ریسرچ سینٹر لاہور میں چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔مرکزی علماء کونسل پاکستان کے اجلاس میں ماہ محرم الحرام کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، بین المسالک رواداری، نفرت انگیز بیانیے کے تدارک، پر امن بقائے باہمی اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ فرقہ واریت، اشتعال انگیزی اور نفرت پر مبنی سرگرمیوں کا موثر سد باب کیا جاسکے۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان نے دفاع وطن اور قومی سلامتی کیلئے جاری سکیورٹی آپریشنز خصوصاآپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں دہشت گردی، انتہا پسندی، تخریب کاری کی تمام شکلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔اجلاس میں ڈیجیٹل دہشت گردی اور سوشل میڈیا پر فوج، ریاستی اداروں اور قومی سلامتی کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی اور نفرت انگیز بیانیے کے تدارک کیلئے جامع لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مرکزی علماء کونسل پاکستان نے مساجد اور مدارس کی رجسٹریشن کے امور میں قانونی معاونت فراہم کرنے کیلئے ایک خصوصی قانونی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تاکہ تمام دینی ادارے قانونی تقاضوں کے مطابق اپنے دینی تعلیمی اور سماجی فرائض انجام دے سکیں۔ اجلاس میں توحید و سنت، تحفظ ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالت، تحفظ ناموس صحابہ کرام اور اہل بیت عظام، اسلام اور پاکستان کے دفاع و استحکام کیلئے ملک بھر میں اتحاد امت و پیغام پاکستان کانفرنسز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح یکم محرم تا دس محرم عشرہ فاروق و حسین و عشرہ امن کے عنوان سے خصوصی پروگرامز، سیمینارزاور کانفرنسز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیاہے تاکہ حضرت عمر فاروق اور حضرت امام حسین کی تعلیمات اور کردار کو اجاگر کیا جاسکے۔مرکزی علماء کونسل پاکستان نے حج2026 کے دوران بہترین انتظامات پر سعودی حکومت اور متعلقہ اداروں اور پاکستان کی وزارت مذہبی امو ر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔اجلاس کے شرکا نے حالیہ امریکہ، ایران اور جنگی و کشیدگی کے دوران پاکستان کے متوازن، دانشمندانہ اور مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی توازن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شاہ نواز فاروقی، وائس چیئرمین پیر جی خالد محمود قاسمی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر احمد عثمانی، فنانس سیکرٹری علامہ حفیظ الرحمن کشمیری، مولانا محمد بلال صدر خیبر پختونخواہ،قاری محمد مشتاق لاہوری صدر پنجاب،مولانا شیر گلگتی گلگت بلتستان، مولانا ابوسفیان حنفی سینئر نائب صدر پنجاب،حافظ محمد شعیب صدیق نائب صدرپنجاب، مولانا حبیب الرحمن نائب صدر پنجاب،مولانا محمد اعظم فاروق سیکرٹری جنرل پنجاب، مولانا عامر اشرف ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات پنجاب،ڈویژنل صدر فیصل آباد مولانا عابد فاروقی، ڈویژنل صدر ملتان مولانا سید حسین احمد شاہ،ڈویژنل صدر گوجرانوالہ مولانا عبید اللہ حیدری،فیصل آباد،مولانا محمد نعیم طلحہ، گوجرانوالہ، مولانا عبدالغفار اعوان،جھنگ،مولانا عبدالعلیم حقانی،جہلم، مولانا حکیم شبیر احمد عثمانی،قصور، مولانا یوسف قصوری، ملتان،مولانا خضر حیات، مظفر گڑھ، مولاناحافظ محمد آصف ببر،ننکانہ،مولانا سکندر عثمان جالندھری، اوکاڑہ، مولانا محمد ضیا القاسمی،پاکپتن،قاری منیر احمد طارق، رحیم یار خان،مولانا نعمان درخواستی، سرگودھا، مولانا قاری سیف اللہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،مولانا عرفان شہزاد، وزیر آباد،مولانا نجم صغیرکوٹ ادو،مولانا قاری محمد زاہد محمود قاسمی،فیصل آباد، حافظ ابراہیم عبداللہ،لاہور،مولانا یسین عابد، مولانا خلیل احمد قاسمی،مولانا عبدالستار، سید صہیب شاہ ہاشمی،صاحبزادہ مولانا حسین احمد قاسمی نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، اتحاد امت، فرقہ واروانہ ہم آہنگی، قومی یکجہتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔




