ممبئی (شوبز نیوز) بولی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے ہندی کے بعد پنجابی فلم انڈسٹری پر نظریں جما لیں، جہاں وہ مشہور اداکارہ سونم باجوہ کے ساتھ کام کریں گے۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی پنجابی زبان کی ایک فلم میں اپنا ڈیبیو کرنے کیلئے تیار ہیں، اور ان کے مدمقابل مرکزی کردار کیلئے سونم باجوہ سے بات چیت جاری ہے۔اس پروجیکٹ کو گپی گریوال سپورٹ کر رہے ہیں، تاہم یہ پہلی بار نہیں کہ نواز الدین صدیقی کسی علاقائی سنیما کا حصہ بن رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ تیلگو فلم اور تمل فلم کا حصہ رہ چکے ہیں، جس میں انہوں نے رجنی کانت کے ساتھ ولن کا کردار ادا کیا تھا۔واضح رہے کہ نواز الدین صدیقی کو آخری بار نیٹ فلکس کی فلم رات اکیلی ہے میں دیکھا گیا تھا۔دوسری جانب، سونم باجوہ نے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز 2013 میں پنجابی فلم بیسٹ آف لک سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سردارجی 2 اور سپر سنگھ سمیت کئی دیگر فلموں میں کام کیا۔رواں سال کے آغاز میں انہوں نے ہندی پروجیکٹس بھی حاصل کیے جن میں ہاس فل 5، باغی 4، ایک دیوانے کی دیوانیت اور بارڈر 2 شامل ہیں۔




