نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے

ساہیوال (بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن محمد خالد عالم، ڈائریکٹر نارکوٹکس عازب ضیاء اوہان، ڈائریکٹر سی این ایف اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر نارکوٹکس عازب ضیاء اوہان نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات، منشیات کے رجحانات اور انسدادِ منشیات سے متعلق حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ طلبہ میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے انسدادِ منشیات آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے، جبکہ اس سلسلے کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، پولیس، نارکوٹکس کنٹرول اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ مربوط حکمت عملی اختیار کریں تاکہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک اور محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ منشیات سے متعلق آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تعلیمی اداروں میں شعور بیدار کرنے کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔ آر پی او رانا ایاز سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو ہدایت کی کہ شہروں اور گرد و نواح میں منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ان کے اطراف خصوصی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو منشیات فروش عناصر سے محفوظ رکھا جا سکے۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او رانا ایاز سلیم نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں اور ان کی مثبت رہنمائی کریں، کیونکہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں انسدادِ منشیات آگاہی سیمینارز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ تعلیمی اداروں میں محفوظ اور صحت مند ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں